بنگلورو۔30/جولائی(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) پی یو سی سال دوم کے پرچہئ سوالات فاش ہونے کے معاملے کی جانچ میں غیر معمولی تیزی لائی گئی ہے۔ ملزمین کی طرف سے پرچہئ سوالات فاش کرنے کیلئے مختلف ناموں پر لئے گئے سم کارڈس کے بارے میں سی آئی ڈی نے تفصیلی جانکاری حاصل کرلی ہے۔ اس کیس کے اہم ملزم ایرملیا نے دس سے زائد سم کارڈ الگ الگ ناموں سے حاصل کرکے استعمال کئے تھے۔ سی آئی ڈی کی ڈی آئی جی سونیا نارنگ کی قیادت میں انسپکٹر اشوک کی قیادت والی ٹیم نے داونگیرے کے ہرپن ہلی تعلقہ کے چکہلی کا دورہ کیا اور وہاں منجوناتھ سے کی گئی پوچھ تاچھ کے دوران یہ پتہ چلا کہ ایر ملیا نے اس کے فرضی نام سے سم کارڈ حاصل کیاتھا۔ منجوناتھ کے نقلی دستخط استعمال کرکے اس نے سم کارڈ لیاتھا۔ منجوناتھ نے اس سلسلے میں شناختی کارڈ کی گمشدگی کی شکایت تحصیلدار کے دفتر میں پہلے ہی درج کروا رکھی تھی، جس کی وجہ سے سی آئی ڈی ٹیم اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرپائی۔ ہوسدرگہ اور ٹمکور میں بھی اس سلسلے میں سی آئی ڈی ٹیموں نے الگ الگ پوچھ تاچھ کی ہے، حال ہی میں اس معاملے میں بی بی ایم پی کے سابق اپوزیشن لیڈر گنگا بھیریا کو گرفتار کیا گیاہے۔ سی آئی ڈی ٹیم اس سلسلے میں سابق وزیر ایم پی رینوکا چاریہ کے ملوث ہونے کے سلسلے میں بھی کافی تیزی سے جانچ کررہی ہے۔ افسران نے رینوکا چاریہ سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ اس دوران اس کیس کے سلسلے میں گرفتار ملزمین کی حراست کی مدت میں مزید توسیع کی گئی ہے۔